لیڈی ہیلتھ ورکرز کی 5 ماہ سے تنخواہ بند، سیکرٹری ہیلتھ سندھ کو شوکاز

Last Updated On 19 October,2018 05:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 5 ماہ کی تنخواہ جاری نہ کرنے پر سیکرٹری ہیلتھ سندھ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 5 نومبر تک تنخواہیں جاری کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 5 نومبر تک تنخواہ جاری کریں، تنخواہ جاری نہ کی تو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے گا، عدالت نے 5 نومبر تک تنخواہ جاری کرکے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے درخواست گزار بشریٰ آرائیں سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو سندھ میں تنخواہ ملی؟ درخواست گزار نے بتایا کہ ہمیں پانچ ماہ سے تنخواہ اور بقایا جات نہیں دیئے گئے، بلوچستان میں پی پی آئی سٹاف کو ریگولر کرنے کے بعد تنخواہیں کم کر دی ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے عید سے پہلے تنخواہ دینے کا حکم دیا تھا اور ابھی تک تنخواہ جاری نہیں کی، ایل ایچ ڈبلیو ہر علاقے میں جا کر پولیو کے قطرے پلاتی ہیں، اس خدمت پر ان کو تنخواہ بھی نہیں دی جا رہی، سیکریٹری ہیلتھ سندھ کیوں پیش نہیں ہوئے؟

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ وہ تھر کے حوالے سے میٹنگ میں گئے ہوئے ہیں، کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔