اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 26 اپریل کے فیصلے کو یکم جون کو کالعدم قرار دیدیا تھا۔
جسٹس فیصل عرب کے تحریر کردہ فیصلےمیں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار عثمان ڈار، خواجہ آصف کیخلاف کوئی الزام ثابت نہیں کرسکے، خواجہ آصف نے دبئی بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات ٹیکس ریٹرن میں ظاہرکی تھیں، ان کے خلاف بیرون ملک سے آمدن چھپانے اور اس پر انکم ٹیکس نہ دینے کے کوئی ثبوت بھی پیش نہیں کئے گئے، خواجہ آصف پر مفادات کے تصادم کا کوئی مقدمہ نہیں بنتا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ بات بھی ثابت نہیں ہوسکی کہ خواجہ آصف نے دبئی کمپنی سے غیرقانونی فائدہ اٹھایا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ کسی بھی رکن پارلیمنٹ کے لئے بیرون ملک ملازمت کرنا مناسب نہیں۔