اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے منشا بم کے بیٹے کی حفاظتی ضمانت 5 روز کیلئے منظور کر لی۔ عدالت نے طارق منشا کو 24 اکتوبر تک ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
طارق منشا کی حفاظتی ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے منظور کی، پولیس کا طارق منشا کی گرفتاری سے روک دیا گیا، طارق منشا نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
طارق منشا زمینوں پر قبضوں کے مقدمات میں لاہور پولیس کو مطلوب ہیں۔ منشا بم کے بیٹے طارق منشاء نے حفاظتی ضمانت کی منظوری کے بعد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز اور شہباز شریف کے ساتھ شروع سے مخالفت ہے، ایل ڈی اے افسران اور تھانوں میں ایس ایچ او ن لیگ کے ہیں، ہماری زمینوں پرقبضے کیلئے جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، ہمارے مخالفین ان سے ملے ہوئے ہیں، میرے والدکا نام منشا بم نہیں منشا کھوکھر ہے، چیف جسٹس صاحب نے نوٹس لیا تو والد صاحب نے 5 دن کی مہلت مانگی۔
یاد رہے زمینوں پر قبضے سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب منشا بم کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم منشا بم خود سپریم کورٹ پہنچا تھا، اس موقع پر منشا بم کا کہنا تھا کہ وہ گرفتاری دینے کیلئے عدالت آیا ہے۔
منشا بم اور اس کے بیٹوں پر زمینوں پر قبضے کے حوالے سے 70 سے زائد مقدمات درج ہیں اور وہ طویل مدت سے پولیس کو مطلوب بھی تھا، مگر تمام تر کوششوں کے باوجود پولیس اسے گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔ پولیس نے اس کی تلاش میں کئی مقامات پر چھاپے بھی مارے لیکن اسے گرفتار کرنے میں پوری طرح ناکام رہی تھی۔