اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ بلانے کے لئے ریکوزیشن جمع کرا دی، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات اور بجلی کے نرخوں میں ممکنہ اضافے پر بات ہوگی۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ بلانے کے لیے ریکوزیشن قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی۔ ریکوزیشن پر ن لیگ کے 87 ارکان قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔ ریکوزیشن آئی ایم ایف کے ساتھ حکومت کے مذاکرات اور بجلی کے نرخوں میں ممکنہ اضافے کے حوالے سے معاملات زیر بحث لانے کے لیے جمع کرائی گئی ہے۔
قواعد کے مطابق اپوزیشن کی طرف سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر اسپیکر قومی اسمبلی 14 روز میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔ اجلاس طلب ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی شرکت کے لیے سپیکر سے رابطہ کیا جائے گا۔
ادھر پیپلزپارٹی نے بھی آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے معاملے پر قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی ہے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ حکومت کا آئی ایم ایف کے پاس جانا تشویشناک ہے، حکومت کے غیر واضح اقدامات کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں اربوں روپے کا نقصان ہوا، آئی ایم ایف کی متوقع شرائط سے بھی قوم کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ ایوان کو بتایا جائے کہ متوقع شرائط سے عام آدمی کی زندگی پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔