اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے شور شرابے اور ہنگامے سے احتساب کا عمل نہیں رک سکتا، اسمبلی میں بحث کیلئے تیار ہیں، نیب خود مختار ادارہ ہے، حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، احتساب کا عمل بہتر بنانے کیلئے کمیٹی بنائی جاسکتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ریمانڈ کے دوران شہباز شریف کو اسمبلی اجلاس میں لا کر اسپیکر اسد قیصر نے مثال قائم کی ہے، حکومت مضبوط ہے اور سب ادارے ساتھ کھڑے ہیں، موٹو گینگ جتنا مرضی شور مچائے احتساب کا عمل نہیں رکے گا۔ انہوں نے کہا پچھلے 10 برسوں میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی، احتساب کا عمل بہتر کرنے کیلئے کمیٹی بنائی جا سکتی ہے، نیب خود مختار ادارہ ہے، حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، نقاب اتار کر دیکھیں گے تو سب کو اپنی پڑی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا حکومت نے شہباز شریف کے اجلاس میں شرکت کی مخالفت نہیں کی، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے جو رویہ اختیار کیا وہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی الیکشن جیتے تب دھاندلی، ن لیگ جیتے توسب ٹھیک ؟ احتساب کےعمل کو روکنا عوام کا نقصان ہے، احتساب کا عمل رک نہیں سکتا البتہ اس میں اصلاحات سامنے لائی جائیں، قومی اسمبلی اجلاس میں آج سیر حاصل گفتگو ہونی چاہیئے۔