اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہریوں کے لیے خوشخبری، پی ٹی اے سے غیر منظور شدہ موبائل فونز اب بند نہیں ہوں گے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائل تصدیق کے لیے 20 اکتوبر کی ڈیڈ لائن منسوخ کردی۔
تاجر برادری کا احتجاج رنگ لے آیا، حکومت نے پی ٹی اے سے غیر منظور شدہ فونز کو بند کرنے کا فیصلہ منسوخ کردیا۔ پی ٹی اے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے تاریخ منسوخ کرنے کی سفارش کی تھی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں موبائل فونز کی سمگلنگ روکنے کے لیے غیر رجسٹرڈ فونز 20 اکتوبر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پی ٹی اے نے غیر منظور شدہ فونز کی رجسٹریشن کے لیے 20 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
واضح رہے کہ غیر منظور شدہ موبائل فونز کی تصدیق کے لیے آئندہ تاریخ کا تعین وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کرے گی۔
اس سے قبل تاجر برادری نے حکومت کے اس فیصلے کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے نے 20 اکتوبر کو غیر منظور شدہ موبائل فون بند کیے تو پورے پاکستان میں کاروبار بند کردیں گے۔ غیر رجسٹرڈ فون بند کرنے کے حوالے سے پی ٹی اے کا فیصلہ کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔
پی ٹی اے کے مطابق ملک میں ہر ماہ 20 سے 30 لاکھ غیر رجسٹرڈ فونز سمگلنگ کے ذریعے درآمد کیے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے ڈیوٹی کی مد میں حکومت کو تقریبا 20 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔