لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے سرکار کی خالی زمینوں کو عوامی مفاد میں استعمال لانے کا فیصلہ کرلیا، وزارت ہاؤسنگ نے صوبہ بھر کی سرکاری ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
حکومت پنجاب نے ایک عرصے سے سرکار کی خالی پڑی زمینوں کو عوامی مفاد کے منصوبوں میں استعمال میں لانے کا اعلان کر دیاہے، اس حوالے سے تمام محکموں سے ان کی خالی زمینوں کی تفصیلات مانگ لی گئی ہیں، حکومت لینڈ ڈیٹا ریکارڈ بینک بھی قائم کرے گی جس میں تمام خالی سرکاری زمینوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔
وزارت ہاؤسنگ نے صوبہ بھر کی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، حکومت پنجاب محکمہ ہاؤسنگ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بتایا جائے کہ کس کس شہر میں وزارت ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا کیا اسٹیٹس ہے، ہاوسنگ سوسائٹیوں میں کس قدر پلاٹ خالی ہیں، کس پر گھر بن چکے ہیں، یہ بھی بتایاجائے کہ کتنے پلاٹوں کے معاملات قانونی پیچیدگیوں کا شکار ہیں۔ خالی زمینوں کی تفصیل ملتے ہی اس کے عوامی منصوبوں کے لئے استعمال کی پلاننگ کی جائے گی۔