فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد انتظامیہ قبضہ مافیا کے خلاف سرگرم عمل، سرگودھا روڈ پر اربوں روپے مالیت کی 14 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی۔ بلدیاتی نمائندے سے بھی 10 ایکڑ اراضی کا قبضہ واپس سرکار نے لے لیا۔
گرین اینڈ کلین پنجاب کے تحت انتظامیہ قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن میں مصروف ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی ڈاکٹر انعم نے اینٹی کرپشن کی ٹیم کے ہمراہ سرگودھا روڈ پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران نجی ہاؤسنگ سوسائٹی، قبرستان سمیت یونین کونسل کے چیئرمین کے پاس ناجائز قبضہ کی اراضی واگزار کروائی گئی۔
اے سی سٹی ڈاکٹر انعم کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سے خاطر خواہ فائدہ ہو رہا ہے۔ آپریشن کے دوران ٹیم نے 14 ایکڑ سرکاری اراضی کا قبضہ حاصل کیا۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن کی نشان دہی پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فیصل آباد میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں ایک ہفتہ میں 40 ایکڑ سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروائی جاچکی ہے۔