ریاض: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان مدینہ منورہ میں روضہ رسولؐ پر حاضری دینے کے بعد سعودی دارالحکومت ریاض پہنچ گئے، 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت، اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی دارالحکومت ریاض پہنچ گئے، اس سے قبل وہ مدینہ منورہ پہنچے جہاں گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے استقبال کیا، وزیراعظم نے روضہ رسولؐ پر حاضری دی، پاکستان اور امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔
وزیراعظم سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت، سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، حکومت پاکستان سالانہ 2 سے 3 ارب ڈالر ادھار تیل، ڈیڑھ ارب ڈالر گرانٹ کی خواہاں ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کانفرنس میں پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیشن "علاقائی ترقی اور استحکام کا مرکز" میں بھی شرکت اور خطاب کریں گے۔
عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقاتوں میں سی پیک میں سعودی عرب سرمایہ کاری اور گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام پر بھی بات چیت ہو گی۔ وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیر تجارت عبدا لرزاق داود بھی وزیر ا عظم کے ہمراہ ہیں۔