لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے سگنل فری انڈر پاس لاہوریوں کے گلے کی ہڈی بن گئے، جیل روڈ کے انڈر پاس پر پھنسا کنٹینرشہر کی ٹریفک پر بھاری پڑ گیا، 9 سے زائد گھنٹے تک شہری خوار ہوتے رہے، کینال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
لاہور میں آئے روز کنٹینرز کا انڈرپاس سے ٹکرانا معمول بن گیا۔ رات 12 بجے 27 ٹن وزنی کنٹینر گرنے سےجیل روڈ انڈر پاس بلاک ہوگیا، ساتھ ہی ٹریفک نظام بھی درہم برہم کر گیا۔ کینال روڈ، وحدت روڈ، فیروز پور روڈ، شادمان، جناح ہسپتال انڈر پاس، کیمپس پل، مسلم ٹاؤن اور ملحقہ سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔9 سے زائد گھنٹے گزرنے کے بعد بالآخر جیل روڈ انڈر پاس سے کنٹینرنکال لیا گیا جس کے بعد ٹریفک بحال ہوئی۔