اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پراسرار خاموشی اختیار کرلی، آصف زرداری کی ملاقات کی خواہش پر میڈیا کے سوالات کے باوجود بات ٹال دی۔
آصف زرداری نے نواز شریف سے ملنے کا عندیہ دیا مگر مسلم لیگ ن کے قائد نے چپ کا روزہ رکھ لیا۔ احتساب عدالت میں صحافی نے میاں نواز شریف سے ملاقات کے امکانات پر سوال کیا تو انہوں نے یہ کہہ کر ٹال دیا کہ مریم اورنگزیب جواب دیں گی۔
نواز شریف سے جب پوچھا گیا کہ وہ موجودہ سیاسی منظر نامے اور ملاقاتوں کو کیسے دیکھ رہےہیں ؟ تو بھی انہوں نے چپ کاروزہ نہیں توڑا اور مریم اورنگزیب کو جواب دینے کا اشارہ کیا۔
سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نواز شریف کے کہنے پر بس اتنا کہا کہ حکومت کی نااہلی برقرار رہی تو سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوگا، آصف زرداری کے بیان کا پارٹی سطح پر جائزہ لے رہے ہیں۔