اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے زرداری صاحب سیاستدانوں کے بجائے وکلا سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں، اس مفت مشورے کا احساس ان کو ہفتوں نہیں، دنوں میں ہوگا، قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، اس کیلئے ووٹ چاہئیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ زرداری صاحب کے پاس اب صرف نوٹ رہ گئے ہیں، وہ نوٹ کمانے کے چکر میں ووٹ کھو چکے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم آج مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع کانفرنس میں شرکت کرینگے، کانفرنس میں وزیراعظم کا سوال و جواب سیشن ہوگا، وزیراعظم کی خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد سے ملاقات ہوگی۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا سعودی وزراء بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، عالمی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی وزیراعظم کی مصروفیات کا حصہ ہیں، سعودی عرب میں وزیراعظم عمران خان کو ملنے والا احترام مسلم امہ میں پاکستان کے مقام کو ظاہر کرتا ہے۔