اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو کئی کیسز میں ریلیف دیا گیا، زرداری پاکستان کی قابل شرم داستان کا حصہ ہیں، اسحاق ڈار کو لانے کے حوالے سے مرحلہ وار کام ہورہا ہے۔اتوار کو آصف زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ امید ہے کہ اسحاق ڈار کو پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری چند ہفتوں میں قانون کا ہاتھ اپنے گریبان تک پہنچتا دیکھ کر گھبرا گئے ہیں اور اسی بوکھلاہٹ میں حکومت پر حملے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم نے کسی بھی کرپٹ آدمی کو نہیں چھوڑنا اور حکومت میں آنے کے بعد ہمارے پاس لوٹ مار کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے بہت سے شواہد آ گئے ہیں۔
نعیم الحق نے کہا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی گزشتہ حکومت میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 600 ارب کے بجٹ میں سے 300 ارب روپے کا غبن کر لیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے دس سالوں میں ملک کو بیدردی سے لوٹا ہے جس کی وجہ سے ہر ادارہ زبردست خسارے کا شکار ہے، گزشتہ دس سالوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج خزانہ خالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے فرشتے بھی حکومت کے خلاف اسمبلی میں کوئی قرارداد منظور نہیں کرا سکتے انہیں اپنے گریبان میں منہ ڈال کر جھانکنا چاہیے۔
وفاقی وزیرِ بحری امور علی زیدی نے آصف زرداری کے بیان پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری خود سہارے سے اسمبلی آتے ہیں حکومت کے خلاف قرارداد کیا لائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ پالیسیوں کے اختلاف پر آصف زرداری کے بیان سے مری ڈیکلریشن کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے۔ وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ کہاں گئیں اینٹ سے اینٹ بجانے اور سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں ؟۔