کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کہنا ہے کہ پانی کی قلت کا مسئلہ صرف بلوچستان کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے عوام کو ایک قوم بن کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
کوئٹہ کے ایک نجی ہوٹل میں یورپی یونین کی جانب سے پانی کے ذخائر کے بچاؤ کے لیے سیمینار منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال تھے۔ تقریب میں بلوچستان میں پائے جانے والے پانی کے ذخائر کی صورتحال پر بحث کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جام کمال نے کہا کہ حالیہ دور میں بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کی قلت ہے۔ صوبے کا پانی کا واحد ذخیرہ زیر زمین پانی کا ہے جس کے بے دریغ استعمال سے یہ ذخیرہ تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ گلوبل وارمنگ اور بارشوں کی کمی نے اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کے اہم مسئلے پر حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ اگر ہم نے اس مسئلے پر آج توجہ نہ دی تو چند سالوں بعد پانی کے ذخائر کا خاتمہ ہو جائے گا اور عوام یہاں سے ہجرت کرنے پر مجبور ہو گی۔