اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، پاکستانی خلا نورد کو چینی اسپیس مشن میں بھیجنے کے معاہدے، آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ٹاسک فورس کا قیام، ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کے بورڈ چیئرمین کی تعیناتی سمیت 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہو رہا ہے، وفاقی کابینہ پاکستانی خلانورد کوچینی اسپیس مشن میں بھیجنے کے معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سے متعلق وزیراعظم ٹاسک فورس کا قیام بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کا فروغ، دونوں ممالک میں انسداد منشیات کے معاہدے کی منظوری بھی دی جائے گی۔ ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کے بورڈ چیئرمین کی تعیناتی اور آگ سے جھلسنے والے افراد کی جلد کی پیوند کاری پرٹیکس ختم کرنے کی تجویز پرغور ہوگا۔
اجلاس میں مختلف ممالک کے درمیان معاہدوں پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی جائے، سرکاری کام کیلیے باہر جانے والے نیب حکام کو بلیو پاسپورٹ دینے کے معاملے پر بھی غور ہوگا، وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی منظوری بھی دے گی۔