لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی، اپوزیشن سارا بجٹ سیشن احتجاج پر رہی، حکومت نے اپوزیشن کی غیر موجودگی میں آسانی سے بجٹ منظور کرا لیا۔
پنجاب اسمبلی نے آئندہ مالی سال 2018 19 کا 2 ہزار ارب سے زا ئد کا بجٹ منظور کر لیا، اپوزیشن بجٹ سیشن کے دوران احتجاج پر رہی۔ اپوزیشن نے بجٹ بحث میں حصہ لیا نہ ہی مطالبات زر کے خلاف کٹوتی کی تحریکیں پیش کیں، اپوزیشن کی غیر موجودگی میں حکومت نے آسانی سے بجٹ منظورکروا لیا۔
اپوزیشن کے بائیکاٹ کی وجہ سے مطالبات زر کے خلاف کٹوتی کی تحریک ایوان میں پیش نہ ہوئیں، حکومتی ارکان نے پہلے مطالبات زر پھر فنانس بل منظور کر لیا۔ بجٹ منظوری کے بعد وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا حقیقت پسندانہ بجٹ کی منظوری پر ارکان کو مبارکباد دیتا ہوں۔
بجٹ کارروائی مکمل ہونے پر اسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا جبکہ اپوزیشن نے دوبارہ اجلاس بلانے کے لئے کمر کس لی اور اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن جمع کرانے کا علان کر دیا۔