لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ سے تجاوزات ختم کرنے اور تاریخی عمارتوں کی اصل حالت میں بحالی کا حکم دے دیا، ڈی سی لاہور اور اسسٹنٹ کمشنر کو کل عملدرآمد رپورٹ سمیت طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں مال روڈ پر تجاوزات کو ختم کرنے اور تاریخی عمارتوں کو اصل حالت میں بحال کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مال روڈ پر تجاوزات کی وجہ سے پیدل چلنا دشوار ہوچکا ہے۔ عدالت نے مال روڈ سے تجاوزات ختم کرنے اور تاریخی عمارتوں کی اصل حالت میں بحالی کا حکم دے دیا۔
جسٹس علی اکبر قریشی نے 24 گھنٹوں میں مال روڈ پر دکانوں کے آگے تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے میئر لاہور کو مال روڈ سے تجاوزات ختم کر کے جمعہ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ مئیر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر نے عدالتی حکم پر من وعن عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی۔
جسٹس علی اکبر قریشی نے مال روڈ کے فٹ پاتھ سے بھی تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نےتجاوزات دوبارہ لگانے والوں کیخلاف انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے ڈی سی لاہور اور اسسٹنٹ کمشنر کو جمعہ کوعملدرآمد رپورٹ سمیت طلب کر لیا۔