اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے بھاشا ڈیم کی حد بندی سے متعلق رپورٹ پر گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا سے جواب طلب کر لئے ہیں۔ چیف جسٹس کہتے ہیں جو بھی فیصلہ ہوگا وہ حکومتوں کو معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے ہوگا، ڈیم کی تعمیر پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بھاشا ڈیم کی حد بندی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اس پر جسٹس (ر) تنویر احمد خان نے ایک رپورٹ مرتب کی ہے، رپورٹ کی کاپی گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخوا حکومت کو دی جائے، دونوں حکومتیں رپورٹ پر جواب جمع کرائیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ دونوں حکومتوں کے جوابات آنے کے بعد جو بھی فیصلہ ہوگا وہ حکومتوں کو معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے ہوگا، اس سے ڈیم کی تعمیر پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔