گورنر گلگت بلتستان عہدے سے مستعفی ہو گئے

Last Updated On 14 September,2018 05:55 pm

چترال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان کے گورنر میر غضنفر علی خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

گورنر سیکریٹریٹ کے مطابق میر غضنفر علی خان نے اپنا استعفیٰ جمعہ کو صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوا دیا ہے۔ میر غضنفر علی خان جون 2015ء میں گلگت بلتستسان میں ہونے والے انتخابات میں ہنزہ سے نواز لیگ کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے جنہوں نے 6 ماہ بعد اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر گورنر کا عہدہ سنبھال لیا تھا۔

عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کامیابی کے بعد تمام صوبوں کے گورنر تبدیل کر دیے گئے تھے جبکہ سندھ کے گورنر محمد زبیر پہلے ہی مستعفی ہو گئے تھے۔

اس ضمن میں تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صوبائی عہدیدار کا کہنا تھا کہ میر غضنفر علی خان نے استعفیٰ دیا نہیں بلکہ ان سے استعفیٰ لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے گورنر کے لیے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے غور کرنا شروع کر دیا ہے۔