گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں پولیس چوکی پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
دہشتگردی کا یہ واقعہ کارہ نالہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں دہشتگردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 2 اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے اہلکار وں کو سلام پیش کیا اور بتایا کہ واقعے کے بعد صوبے بھر میں سیکورٹی الرٹ کردی گئی ہے، حکومتی رٹ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
خیال رہے اس سے قبل گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں نامعلوم تعلیم دشمن شر پسندوں نے داریل، تانگیر، چلاس، تھور اور ہڈور میں 12 گرلز سکولوں میں توڑ پھوڑ کرنے کے بعد آگ جبکہ 2 سکول دھماکے سے اڑا دئیے تھے۔
مقامی لوگوں اور پولیس حکام کے مطابق چلاس شہر میں واقع گرلزاسکول رونئی اور گرلز اسکول تکیہ کو نامعلوم عسکریت پسندوں نے دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا جب کہ اسی تحصیل کے دو علاقوں ہوڈر اور تھور میں واقع گرلز اسکولوں کو آگ لگائی۔