اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 29 اکتوبر سے ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لئے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے۔
سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر پورے سیشن کے لئے ہوں گے اور سیشن کے اختتام پر میاں شہباز شریف کو واپس نیب حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔
اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اس وقت آشیانہ ہاوسنگ سکیم کے مبینہ کرپشن کیس میں نیب حکام کے پاس جسمانی ریمانڈ میں ہیں، پروڈکشن آرڈر آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔ نیب حکام میاں شہباز شریف کو 29 اکتوبر کو 4 بجے تک پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد پہنچانے کے پابند ہیں۔