اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے سرکاری امور مقررہ وقت میں نمٹانے کے لیے انوکھا اور منفرد طریقہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، اب حکومتی امور کی انجام دہی میں رنگین کاغذوں کا استعمال کیا جائے گا، تمام وزارتوں کو خط ارسال کر دیا گیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے اہم سرکاری خط وکتابت میں سبز، پیلے اور سرخ رنگ کے کاغذاستعمال کئے جائیں گے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے متعلقہ تمام وزارتوں اور اداروں کو خط بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ کلر تھیم خط و کتابت کے تحت سرکاری امور کی انجام دہی میں 3 رنگ اسمتعال کئے جائیں گے۔
جاری کردہ خط کے مطابق سبز کاغذ عمومی نوعیت کی خط و کتابت کو ظاہر کرے گا۔ پیلا کاغذ کام کی مقررہ مدت کا 50 فیصد وقت گزرنے کی یاد دہانی کے لئے استعمال ہوگا جبکہ فوری نوعیت کی خط وکتابت کےلیے پیلا کاغذ استعمال ہوگا۔ وارننگ کےلیے سرخ خط وکتابت کی جائے گی۔ متعلقہ کام کے لیے مقررہ نوے فیصد گزرنے پر سرخ کاغذ استعمال کیاجائے گا۔