اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے اے پی سی کی تجویز سے ہی وزیراعظم کے اوسان خطا ہوگئے، حکومت کس منہ سے احتساب کی بات کر رہی ہے، سیاسی انتقام والا احتساب نہیں ہونے دیں گے۔
جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اپوزیشن جماعتوں سے رابطے آخری مرحلے میں ہیں، ملک میں احتساب نہیں ہو رہا، صرف سیاسی انتقام ہے، جو ان کی مانے وہ صاف جو نہ مانے وہ کرپٹ۔ انہوں نے کہا یمن کے معاملے میں ثالثی کرنے و الے پہلے اپنے مسائل حل کریں، سعودی عرب مہربانی کر رہا ہے لیکن آپ کی ملک چلانے کی صلاحیت کہاں گئی۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں حکومتی موقف سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، اب خیرات ہی مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے اے پی سی کی تاریخ طے کرنے کے لیے دو، تین دن مانگے ہیں، اسمبلیوں میں آنے کے بعد اب احتجاج کا قانونی اور آئینی راستہ ہی اختیا رکریں گے۔