پاکستان نے قندھار حملے سے متعلق افغانستان کے الزامات کو مسترد کر دیا

Last Updated On 24 October,2018 07:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے قندھار حملے سے متعلق افغانستان کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ حملے سے متعلق کوئی شواہد یا انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ نہیں کیا گیا، الزام تراشی کے بجائے افغانستان کو داخلی صورتحال بہتر کرنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری بیان میں قندھار حملے کے پاکستان پر الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی جانب سے قندھار حملے کا الزام بے بنیاد ہے، اس حوالے سے تاحال کوئی ٹھوس شواہد یا انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ نہیں کیا گیا۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ الزام تراشی کے بجائے افغانستان کو داخلی صورتحال بہتر کرنا چاہیے، ایسے معاملات کو دیکھنے کیلئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایکشن پلان برائے امن و استحکام کے نام سے موثر میکنزم ہے، مشترکہ میکنزم کی موجودگی میں ایسے الزامات افسوسناک ہیں، بے بنیاد الزامات پاک افغان باہمی تعاون سے متعلق 7 اصولوں کے خلاف ہیں، میڈیا پر الزامات کے بجائے متعلقہ فورم استعمال کیا جاتا تو بہتر ہوتا۔
 

Advertisement