اسلام آباد میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

Last Updated On 24 October,2018 04:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، آگ سے 3 فلور متاثر ہوئے، پھنسے افراد نے جان بچانے کیلئے کھڑکیوں سے چھلانگیں لگائیں، اہم ریکارڈ جلنے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی 3 منزلوں ‌کو لپیٹ میں لے لیا، عمارت میں پھنسے متعدد ملازمین نے کھڑکیوں سے چھلانگیں لگا کر اپنی جان بچائی۔ فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔

 الیکٹرونکس سامان جلنے کے باعث آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا، کئی ملازمینوں نے کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر اپنی مدد آپ کے تحت عمارت سے نکلنے کی کوشش کی، دھویں کے باعث متعدد لوگ بے ہوش بھی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آگ میں شدت کے باعث عمارت میں موجود اہم دستاویزات پر مشتمل ریکارڈ کے جلنے کا بھی خدشہ ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری پی آئی ڈی پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتتگو کرتے ہوئے کہا آتشزدگی کے واقعے پر تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی، بروقت امدادی کارروائی سے تمام ریکارڈ محفوظ رہا، عمارت سے دفاتر کو شفٹ کرنے کا کہا ہے۔

 

Advertisement