اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیاسی معاملات پر نواز شریف نے چپ کا روزہ نہ توڑا، جواب حسب معمول مریم اورنگزیب نے ہی دیا۔
وزیراعظم عمران خان کے بیان اور سعودی پیکج پر نواز شریف کا ردعمل لینے کیلئے صحافیوں نے اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر ڈیرہ ڈال لیا۔ سابق وزیراعظم جونہی پہنچے تو صحافی نے کان کھول کر سننے سے متعلق بیان پر سوال داغ دیا۔
جواب میں نوازشریف بولے وہ ٹی وی کم ہی دیکھتے ہیں، انہوں نے بات نہیں سنی، صحافی نے وزیراعظم کا این آر او سے متعلق بیان دھرایا تو میاں صاحب نے کہا انہوں نے ایسا بیان سنا ہی نہیں۔ نواز شریف کی سیاسی معاملات پر چپ نے مریم اورنگزیب کو بولنے پر مجبور کر دیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا عمران خان جس کنٹینر کی بات کر رہے ہیں، اس کی ضرورت جلد انہیں ہی پڑے گی۔ انہوں نے سوال کیا این آر کون مانگ رہا، رہنما تو عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا بیان یاد دلایا اور عالمی مالیاتی فنڈ سے رجوع کرنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔