اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سابق حکومت نے 40ہزار فی عازم سبسڈی دی تھی ، موجودہ حکومت ختم کر سکتی ہے ۔
وزارت مذہبی امور نے حج پیکیج پر دی گئی سبسڈی ختم کرنے پر غور شروع کردیا ہے جس کے نتیجے میں سرکاری کوٹے پر فریضہ حج کے اخراجات میں50ہزار روپے تک اضافہ ہوسکتا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے سرکاری کوٹے پر فریضہ حج ادا کرنے والوں کیلئے فی عازم 40ہزار روپے سبسڈی دی تھی لیکن اب وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی پر غور شروع کردیا ہے جس کے تحت آئندہ 5 سال کے لئے یکساں حج پالیسی بنائی جائے گی ، جس کے تحت سرکاری کوٹے پر جانے والے عازمین کو دی گئی سبسڈی ختم کی جارہی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سبسڈی کے خاتمے اور ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث آئندہ برس حج اخراجات میں فی عازم 40 سے 50 ہزار روپے اضافہ ہوسکتا ہے ۔ تاہم حج پیکیج پر سبسڈی کے حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔