کراچی: (دنیا نیوز) شہدائے کربلا کا چہلم آج نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔ چہلم امام حسین کا مرکزی جلوس کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور ایم اے جنا ح روڈ سے براستہ صدر ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر میں حسبِ معمول اختتام پذیر ہوگا۔
سندھ پولیس کی جانب سے چہلم امام حسین کے موقع پر کراچی میں برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے سلسلے میں ٹریفک کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سندھ پولیس کی جانب سے جلوسِ چہلم امام حسین کے سلسلے میں ٹریفک کے متبادل روٹ کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، بغیر اسٹیکر کوئی بھی گاڑی کسی بھی صورت نمائش چورنگی اور جلوس کے روٹ پر نہیں جاسکے گی۔
ایک جلوس مارٹن روڈ سے ہوتا ہوا نشتر پارک کی جانب بھی آئے گا جس کے سبب بنوری ٹاون مسجد والا روڈ اور گرومندر ٹریفک کیلئے بند رہے گا۔ ٹریفک پلان کے مطابق ناظم آباد اور لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو نشتر روڈ سولجر بازار کی جانب موڑ دیا جائے گا، یونی ورسٹی روڈ اور کشمیر روڈ سے آنے والی گاڑیاں نیو ایم اے جناح روڈ پر صدر پارکنگ پلازہ تک جاسکیں گی، اس کے آگے راستہ پولیس کی جانب سے کنٹینر لگا کر بند کر دیا جائے گا۔ شاہراہ فیصل نرسری سے نمائش کی جانب آنے والے ٹریفک کو سوسائٹی سگنل سے آگے آنیکی اجازت نہیں ہوگی، یہاں سے صرف جلوس کے لیے پولیس کی جانب سے جاری کردہ خصوصی اسٹیکر کی حامل گاڑیاں ہی آگے جاسکیں گی۔
دریں اثناسندھ حکومت نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں گزشتہ شب 29 اکتوبر کی رات بارہ بجے سے 30 اکتوبر رات 10 بجے تک موٹرسائیکل پرڈبل سواری کی پابندی ہوگی جبکہ ضلع مٹیاری، ٹنڈوالہ یار، سجاول، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، قمبر، جامشورو، ٹھٹہ ، میرپور خاص،سکھر، کشمور میں بھی آج ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ ضلع دادواور سانگھڑ میں کل 31 اکتوبر تک پابندی ہوگی جبکہ ضلع خیر پور میں 2 نومبر تک پابندی عائد ہے۔
علاوہ ازیں چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر ملک کے چاروں صوبوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے لیکر رات 9 بجے تک معطل کی جائے گی۔ وزارت داخلہ کے مطابق جلوسوں کی سیکیورٹی کے پیش نظر چاروں صوبائی حکومتوں نے مختلف شہروں میں موبائل سروس کی معطلی کے حوالے سے درخواستیں ارسال کی تھیں جن کی منظوری دیتے ہوئے پی ٹی اے کو چاروں صوبوں میں جلوسوں کے اوقات میں موبائل سروس معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں رات گئے ایم اے جناح روڈ اور اسکے اطراف میں پولیس کیجانب کنٹینر لگانے کا سلسلہ شرو ع کر دیا گیا جبکہ جلوس کے روٹس اور اسکے اطراف میں قائم دکانوں کی بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئرنس کرانے کے بعد انہیں سیل کیا گیا۔ بم ڈسپوزل کے عملے نے دکانوں کی مکمل سرچنگ کے بعد انہیں کلیئر کیا گیا۔