لاہور سمیت کئی شہروں میں آج موبائل فون بند رہیں گے

Last Updated On 30 October,2018 11:36 am

لاہور: (دنیا نیوز) نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں آج موبائل فون بند رہے گا ۔ چہلم کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پر سیمینار اور مجالس عزا کا اہتمام ہوگا۔

صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا جن میں علما اور ذاکرین شہدائے کربلاکو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ صوبائی دارالحکومت میں چہلم کے سلسلے میں مرکزی جلوس آج صبح حویلی الف شاہ دہلی گیٹ سے برآمد ہوگا جومقررہ راستوں سے ہوتا ہواشام کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی برآمدگی سے لیکر اختتام تک جگہ جگہ زنجیر زنی اور ماتم کیا جائیگا۔

وزارت داخلہ کی ہدایت پر آج موبائل وانٹرنیٹ سروسزمعطل رہیں گی۔ صوبائی حکومتوں کی موبائل، انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی درخواست کی منظوری دے دی گئی، سروسز کی معطلی جلوسوں کے اوقات مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ لاہور، ننکانہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال اور راولپنڈی، جہلم، سرگودھا، خوشاب، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اٹک، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، رحیم یارخان میں سروس معطل رہے گی۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، خیرپور، جیکب آباد، شکارپور، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت میں سروس بند رہے گی۔

سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چہلم حضرت امام حسین ؓ ، عرس داتا دربار اور رائیونڈ اجتماع کے سکیورٹی پلان بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی او لاہور کو چہلم حضرت امام حسین ؓ ، عرس داتا دربار اور رائیونڈ اجتماع کے سکیورٹی پلان بارے بریفنگ دی۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے اس موقع پر کہا کہ لاہور پولیس تمام ایونٹس پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ چہلم حضرت امام حسین ؓ اور عرس داتادربار پر 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ جلوس میں شامل ہونے والے ہر شخص کو پانچ سطحی حفاظتی حصار میں جسمانی تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی۔ جلوس کے تمام روٹ کو سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائیگا۔