اسرائیلی طیارہ پاکستان نہیں آیا، فوج ریاض بھیجنے کا معاہدہ نہیں کیا: شاہ محمود

Last Updated On 30 October,2018 02:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسرائیلی طیارے کی گونج قومی اسمبلی میں پہنچ گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا اسرائیلی جہاز کی پاکستان آمد میں کوئی حقیقت نہیں، بے بنیاد باتیں ہیں، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت کی وضاحت تسلیم کر لی، مولانا واسع نے حکومتی موقف مسترد کر دیا۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ اسرائیلی جہاز کی پاکستان آمد میں کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال حکومت کو ہی نہیں سب کو متاثر کرتی ہے، معاشی صورتحال پر ایک سیر حاصل بحث ہونی چاہیے، اپوزیشن کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے، ملک کو چارٹر آف اکانومی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا 10 سالوں میں بیرونی قرضے سے 6 ہزار سے بڑھ کر 30 ہزار ارب ہوگئے ہیں، معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے حزب اختلاف کو ایوان میں کردار ادا کرنا چاہیے، جب تک سب مل کرکام نہیں کرینگے مسائل حل نہیں ہونگے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اس موقع پر حکومت کی وضاحت تسلیم کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ذمہ دار شخصیت قرار دیا۔ ایم ایم اے کے رکن مولانا واسع نے ایوان میں اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی طیارے سے متعلق حکومتی موقف کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا اسرائیلی طیارے سے متعلق تحریک التوا منظور کی جائے۔ وزیر خارجہ نے اسرائیلی جہاز کے آمد کی نفی کی، اسکی تحقیقات کرائی جائیں۔

اس موقع پر شہباز شریف نے بھی مولانا واسع کے موقف کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا اسرائیلی جہاز کی پاکستان آمد کی خبروں کی تحقیقات کیلئے ہاؤس میں ایک کمیٹی بننی چاہیے۔ تحریک انصاف کے علی محمد خان نے کہا ایسا چارٹر چاہتے ہیں جس پر حکومت اور اپوزیشن متفق ہوں، پارلیمنٹ حکومت اور اپوزیشن کے ساتھ مل کر چلتی ہے۔

 

Advertisement