اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کے فائیو سٹار ہوٹل سے ہنگری کے سفیر کی اہلیہ کا قیمتی موبائل فون چوری ہو گیا، تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔
ہنگری کے سفیر کی اہلیہ مسز ایمائلہ صلیبو کی جانب سے تھانہ سیکرٹریٹ پولیس کو درخواست دی گئی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شریک تھیں، وہ موبائل فون میز پررکھ کر واش روم گئیں واپسی پر موبائل غائب تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی سے تلاش کرنے کی کوشش کی تاہم ہوٹل کے ہال میں کیمرے نہیں تھے، موبائل فون کے آئی ایم ای آئی نمبر سے ٹریس کرنے کی کوشش جاری ہے، ہوٹل انتظامیہ کو بھی شامل تفتیش کرکے معلومات لی جارہی ہیں۔ خیال رہے کہ اسی ہوٹل سے قطری وفد میں شامل رکن کا بٹوہ چوری کیا گیا تھا۔