لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب میں آج بھی تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، انٹرمیڈیٹ کا آج ہونے والا پرچہ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل ہوگی، خیبر پختونخوا کے پرائیویٹ تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔
پنجاب حکومت کے جاری کر دہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے سرکاری، مشنری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے آج بھی بند رہیں گے، انٹرمیڈیٹ کا پرچہ ملتوی کر دیا گیا ہے، امتحانات کے نئے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام اور پنجاب یونیورسٹی کے آج ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں بھی تمام تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے، کامسیٹس یونیورسٹی اور قائداعظم یونیورسٹی کے علاوہ انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اور سرگودھا یونیورسٹی میں بھی آج تعطیل ہو گی۔ آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں میں بھی آج چھٹی ہوگی۔ پرائیوٹ سکولز ایسوسی یشن خیبر پختونخوا نے آج سکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم صوبائی حکومت کے مطابق سرکاری سکولز میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
یونیورسٹی آف سوات اور یونیورسٹی آف صوابی بھی آج بند رہے گی، نجی میڈیکل کالجوں میں داخلوں کیلئے آج درخواستیں جمع نہیں ہوں گی، سندھ حکومت کے مطابق آج تعلیمی اداروں میں تعطیل ہوگی۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے انٹر کے سپلیمنٹری امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
ادھر حکومت نے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ میں آج موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراطلاعات کے مطابق فون سروس صبح 8 بجے سے مغرب تک معطل رہیں گی۔