پنجاب میں گڑبڑ گھوٹالہ، پہلے تبادلے، پھر منسوخ

Last Updated On 31 October,2018 08:50 am

لاہور: ( روزنامہ دنیا) پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت سفارشی کلچر کی حامی یا تذبذب کا شکار ؟ سیاسی پشت پناہی کے ساتھ سینئر افسران من پسند عہدوں پر تعیناتیوں اور تبادلوں کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے لگے۔ اسی سیاسی پشت پناہی کے باعث حکومت کو متعدد افسران کے تقرر و تبادلہ کے متعلق احکامات منسوخ کرنا پڑ گئے، پانچ ڈپٹی کمشنرز کے تبادلے چند گھنٹوں بعد منسوخ کر دئیے گئے اور افسران کی از سر نو تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو کا بطور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن فیصل آباد تبادلہ منسوخ کیا اور اسی عہدے پر کام جاری رکھنے کا حکم دیا۔ اسی طرح یاور حسین کا بطور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد تبادلہ منسوخ کر دیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری خزانہ سیف اللہ خان ڈوگر کو ڈپٹی کمشنر ساہیوال تعینات کیا گیا تھا یہ تبادلہ بھی منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد تعینات کردیا گیا۔ اسی طرح صاحبزادی وسیمہ عمر کا اوکاڑہ میں تبادلہ منسوخ کر کے انہیں ڈپٹی کمشنر قصور تعینات کر دیا گیا، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ مریم خان کا بطور ڈپٹی کمشنر قصور تبادلہ منسوخ کر کے انہیں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ تعینات کر دیا گیا۔

دوسری جانب کئی افسران کو ایک عہدے پر چند دن مقرر رہنے کے بعد ہی مختلف عہدوں پر بھیجا جا رہا ہے۔ کمشنر ساہیوال کے عہدے پر تعینات 20 ویں گریڈ کی افسر ڈاکٹر فرح مسعود کو 15 اکتوبر کو تبدیل کر کے ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مقرر کیا گیا لیکن دوروز بعد ہی انہیں مزید تقرری کیلئے محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ جبکہ 19 ویں گریڈ کے راشد کمال الرحمن کو ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مقرر کر دیا گیا جو کہ ابھی تک 24 ویں سینئر مینجمنٹ کورس میں مصروف ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے کے دوران متعدد اسسٹنٹ کمشنرز کے تبادلے بھی اگلے روز ہی منسوخ کر دئیے گئے۔ اے سی نارووال الطاف حسین کا تبادلہ منسوخ کر کے انہیں اسی عہدے پر کام جاری رکھنے کا حکم دیا گیا۔ ڈی ایم او سیالکوٹ فیصل سلطان کا بطور اے سی نارووال تبادلہ منسوخ کر کے انہیں ڈی ایم او گجرات تعینات کیا گیا، ساریہ حیدر کا بطور اے سی صفدر آباد تبادلہ منسوخ کر کے انہیں اے سی کامونکی تعینات کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر صفدرآباد عمران عصمت کا بطور سیکشن افسر انرجی تبادلہ منسوخ کیا گیا۔ عنبر گیلانی کا بطور اے سی دینہ تبادلہ منسوخ کر کے انہیں اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں تعینات کیاگیا ، عاصم سلیم کا سوئی ناردرن میں تبادلہ منسوخ کرکے خدمات مزید تقرری کیلئے کمشنر لاہور کے سپرد کی گئیں۔

یوں پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت افسروں کے تقرر و تبادلہ اور پیچیدہ انتظامی امور کو سمجھنے سے قاصر دکھائی دے رہی ہے جبکہ سیاسی اثرو رسوخ کے استعمال نے مزید الجھنیں پیدا کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رواں ہفتے کے آخر تک سول اور پولیس کے محکموں میں مزید اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے۔ کئی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی تبدیلی زیر غور ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈویژنل کمشنرز بھی تبدیل کئے جائیں گے۔ ڈی آئی جی، سی پی اوز ، آرپی اوز کی تبدیلی کے بھی امکانات ہیں۔
 

Advertisement