بھکر: اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے ہراساں کرنے پر خواتین ٹیچرز کا احتجاج

Last Updated On 26 October,2018 12:12 pm

بھکر: (دنیا نیوز) اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے ہراساں و پریشان ہونے والی درجنوں خواتین ٹیچرز کا اے سی آفس منکیرہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، گرلز سکولوں میں میل آفیسر کی تعیناتی کو ظلم قرار دیتے ہوئے خاتون آفیسر کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا۔

تحصیل منکیرہ کے 67 ایم ایل سنٹر کے 13 گرلز سکولوں پر گزشتہ ایک سال سے تعینات میل اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر یاسر نیازی کی جانب سے ہراساں و پریشان کرنے سے درجنوں خواتین ٹیچرز کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ خواتین ٹیچرز نے اسسٹنٹ کمشنر آفس منکیرہ کے سامنے پہنچ کر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کیخلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مسلسل ایک سال سے خواتین ٹیچرز کو نہ صرف ہراساں و پریشان کر رہا ہے بلکہ متعدد مرتبہ ٹیچرز کو بلیک میل کرنے کی بھی کوشش کر چکا ہے۔

خواتین اساتذہ نے کہا اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کے رویے اور ہراسمنٹ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، خواتین ٹیچرز کو رات کے 2 بجے تک کالز اور میسج کر کے پریشان کرتا ہے۔ احتجاج میں شامل خواتین ٹیچرز کا کہنا تھا کہ زنانہ سکولوں میں مرد آفیسرز کی تعیناتی غیر قانونی ہے، حکومت فوری طور پر زنانہ سکولوں میں زنانہ اسسٹنٹ ایجوکشن آفیسرز تعینات کر کے خواتین ٹیچرز کو تحفظ فراہم کرے۔
 

Advertisement