لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب کا ارکان اسمبلی کے عوامی مسائل کے حل کے لئے بڑا فیصلہ سامنے آگیا، بیوروکریسی اور ارکان اسمبلی کو اکٹھے بٹھانے کا پلان بنالیا گیا، آج سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں ارکا ن اسمبلی کے ڈویژنل اجلاس طلب کرلئے۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان نے ارکان اسمبلی کے حلقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے بیور و کریسی اور ارکان اسمبلی کو اکٹھے بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں آج سے ارکان اسمبلی کے ڈویژنل اجلاس بلا لئے گئے ہیں جس میں پنجاب کی اہم بیور و کریسی کو بھی بلایا گیا ہے۔
آج سے ہر ڈویژن کے ارکان اسمبلی کا اجلاس اسمبلی کانفرنس روم میں ہوگا، گوجرانوالہ اور بہاولپور کے ارکان اسمبلی کے الگ الگ اجلا س ہوں گے۔ وزیراعلی کی زیرصدارت اجلاسوں میں آئی جی پنجاب پولیس، چیف سیکرٹری بھی شریک ہوں گے۔
اجلاسوں میں تمام محکموں کے سیکرٹری صاحبان بھی شریک ہوں گے، ارکان اسمبلی جس محکمے سے متعلق بھی عوام مسائل کی نشاند ہی کریں گے فوری احکامات جاری ہوں گے، ایوان وزیراعلی کے ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی اوربیور و کریسی کو اکٹھے بٹھانے کا مقصد عوامی مسائل کا جلد حل ہے۔