3 روزہ احتجاج، حکومت کا شرپسندوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

Last Updated On 03 November,2018 11:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ مملکت مواصلات مرادسعید نے این ایچ اے کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے وزارت داخلہ سمیت دیگر محکموں سے توڑ پھوڑ کرنے والے عناصر کی نشاندہی کیلئے معاونت مانگ لی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں بنائے جانے والی ویڈیوز اور تصاویر کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے، احتجاجی قیادت کی جانب سے ان شرپسندوں سے مکمل اعلان لاتعلقی خوش آئند ہے، احتجاج کی آڑمیں سرکاری و نجی املاک کے نقصان کی کسی طور اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ملک بھر میں دھرنا ختم، معمولات زندگی بحال، ٹریفک رواں دواں

مراد سعید کا کہنا تھا کہ دو روزہ احتجاج کے دوران ملک بھر میں نیشنل ہائی ویز کی قیمتی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، ان املاک کی تعمیر و مرمت پر اربوں کے اخراجات اٹھیں گے، احتجاج کا فائدہ اٹھا کر قومی خزانے کو اربوں کا نقصان دینے والوں کا محاسبہ کریں گے، شرپسند عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں کٹہرے میں لائیں گے۔

واضح رہے کہ موجودہ ختم ہونے والا دھرنا ملکی معیشت کو تقریباً ڈیڑھ ارب سے زائد کا جھٹکا دے گیا، جس جس شہر میں بھی احتجاج ہوا مظاہرے کے نقش چھوڑ گیا، املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور تین دن تک عوام کی زندگی جیسے رک سی گئی۔ تعلیمی ادرے بند رہے، امتحانات ملتوی ہوئے ہر وہ کام ہوا جس سے عوام کو صرف نقصان ہی ہوا۔