سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر اپوزیشن کا واک آؤٹ

Last Updated On 13 December,2018 06:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران ن لیگی رکن سعد رفیق پروڈکشن آرڈرجاری نہ ہونے پر اپوزیشن نے واک آؤٹ کر دیا۔ اپوزیشن رکن ایاز صادق نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ سعدرفیق کے پروڈکشن آرڈرجاری نہ کرنا جمہوریت کا قتل ہوگا، آرڈر جاری نہ ہونے تک واک آؤٹ کریں گے۔

آج قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ن لیگ نے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا معاملہ اٹھایا تو اپوزیشن رکن ایاز صادق نے سپیکر کو اٹارنی جنرل سے مشاورت سے روکتے ہوئے کہا کہ انہیں وکالت کرنے دیں، پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر وزیر قانون سے مشاورت کریں۔ ایازصادق نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پروڈکشن آرڈرجاری کرنے پر آپ تاریخ میں یاد کیے جائیں گے۔

ایاز صادق نے اس موقع پر مثال دیتے ہوئے کہا کہ جمشید دستی سے رانا ثنااللہ کی حکومت کو بہت مسئلہ تھا، رانا ثنا کا مجھے پیغام آیا کہ جمشیددستی کے پروڈکشن آرڈرجاری نہ کئے جا ئیں، میں سنتا سب کی اور کرتا اپنی مرضی تھا اور آرڈر جاری کئے کیونکہ یہ سپیکر کا اختیار ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایاز صادق کی باربار کی درخواست کے باوجود خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کئے تو اپوزیشن اراکین نے اجلاس سے واک آوٹ کر دیا۔