مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے سینئر سیاست دان اور رکن قانون ساز اسمبلی سردار خالد ابراہیم ایک بھرپور سیاسی زندگی گزارنے کے بعد 72 برس کی عمر میں اللہ کو پیارے ہو گئے۔
صدر آزاد جموں و کشمیر پیپلز پارٹی اور رکن قانون ساز اسمبلی خالد ابراہیم کو گزشتہ رات فشار خون کی وجہ سے بریمن ہیمرج ہوا تھا۔ خالد ابراہیم آج صبح اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ خالد ابراہیم سابق صدر آزاد کشمیر سردار ابراہیم کے فرزند تھے اور چار دہائیوں تک آزاد کشمیر کی سیاست پر اپنی اصول پسندی کے باعث چھائے رہے۔ خالد ابراہیم متعدد مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔ مرحوم نے پیپلزپارٹی سے سیاست کا آغاز کیا تھا۔
90 کی دہائی میں بے نظیر بھٹو سے سیاسی اختلافات کی وجہ سے پی پی چھوڑ کر اپنی الگ سیاسی جماعت جموں وکشمیر پیپلزپارٹی بنائی۔ وہ راولاکوٹ کے انتخابی حلقے سے الیکشن جیت کر قانون ساز اسمبلی کے رکن بنے۔ سردار خالد ابراہیم اپنی اصول پسندی کی وجہ سے آزاد کشمیر کے سیاسی حلقوں میں منفرد مقام رکھتے تھے۔ خالد ابراہیم کو اپنے آبائی علاقے راولاکوٹ میں انکے والد ارو سابق صدر آزاد کشمیر سردار ابراہیم خان کے پہلو میں سپرد خا کیا جائے گا۔