وادی: (دنیا نیوز) آزاد و مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں، کنٹرول لائن کے دونوں اطراف بھارت مخالف جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔
بھارتی قبضے کو 71 برس مکمل ہونے پر دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں، 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج نے کشمیر جنت نظیر میں لاشیں گرانے اور خون کی ندیاں بہانے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا وہ آج بھی جاری ہے۔
گزشتہ روز کلگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے جنازے میں لوگوں کا ہجوم دیکھ کر قابض فورسز کی آنکھوں میں خون اتر آیا اور نہتے کشمیریوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، اس کے باوجود فضا میں آزادی کے نعرے گونجتے رہے۔
مظاہروں کے ڈر سے جامع مسجد سری نگر کو نمازیوں کے لیے بند کر دیا گیا، جہاں جمعہ پڑھنے کی اجازت بھی نہیں ملی، شہر میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے کرفیو کی صورتحال پیدا کر دی گئی، لیکن بندشیں آزادی کے متوالوں کو سڑکوں پر نکلنے سے نہ روک سکیں، حریت رہنماؤں نے آج وادی بھر میں بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔