مظفر آباد: (دنیا نیوز) بھارت پاکستان دشمنی میں پاگل ہو گیا، وزیرِاعظم آزاد کشمیر کے سول ہیلی کاپٹر پر ایل او سی کے قریب فائر کھول دیا، اپنے جنگی جنون کو چھپانے کیلئے پاک فوج کی جانب سے فضائی خلاف ورزی کا واویلا شروع کر دیا گیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم آزاد کشمیر سرحدی علاقے تروڑی میں لائن آف کنٹرول کے انتہائی قریب ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہے تھے، پائلٹ طے شدہ حد سے معمولی آگے چلا گیا تو ہیلی کاپٹر پر بھارتی پوسٹ سے فائر کیا گیا، ہیلی کاپٹر کو بحفاظت حویلی میں اتار لیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس ذرائع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راجہ فاروق حیدر سفید رنگ کے سرکاری ہیلی کاپٹر پر لائن آف کنٹرول کے قریب سے گزر رہے تھے جب بھارتی فوج نے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں: ہیلی کاپٹر پاکستانی حدود میں تھا، بھارت نے ڈرامہ رچایا، راجہ فاروق
وزیرِاعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر سرحدی گاؤں میں چودھری عبدالعزیز کے بھائی کی وفات پر تعزیت کیلئے گئے تھے۔ دونوں افواج کسی بھی فوجی ہیلی کاپٹر کی ایل او سی کے نزدیک پرواز کی پیشگی اطلاع دیتی ہیں۔
ادھر بھارت نے واویلا مچانا شروع کر دیا ہے کہ پاکستانی ہیلی کاپٹر نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ اںڈین وزارتِ دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیوندر آنند کا کہنا ہے کہ سفید رنگ کے پاکستانی ہیلی کاپٹر نے اتوار کی دوپہر فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔