اسلام آباد: (دنیو نیوز) وزارت داخلہ نے ملک میں حالیہ مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ سے متعلق ایک شکایت سیل قائم کر دیا ہے، شہری مظاہروں کے نام پر نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی ویڈیوز اور تصاویر شئیر شکایات سیل کو ارسال کریں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری 03315480011 پر ویڈیوز اور تصاویر شئیر کر سکتے ہیں۔ ویڈیو اور تصاویر فراہم کرنے والوں کا نام اور نمبر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ موٹروے پر ہونے والے واقعات کی تحقیقات جاری ہیں، قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حقائق جلد سامنے لائیں گے، حکومت اپنے فرائض سے آگاہ ہے، قوم اضطراب میں تھی، کچھ لوگوں نے قانون ہاتھ میں لیا۔ نادرا، ایف آئی اے اور دیگرمتعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ وزارت مواصلات نے اقدامات کیے، فوٹیجز متعلقہ اداروں کوبھیج دی گئی ہیں، سوشل میڈیا پر شر انگیز مواد پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔