راولا کوٹ: (دنیا نیوز) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان کو پیر کے روز ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں راولا کوٹ کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
مرحوم خالد ابراہیم کا نماز جنازہ صابر شہید سٹیڈیم راولا کوٹ میں ادا کی گئی جس میں آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان، کابینہ کے اراکین، ممبران قانون ساز اسمبلی اور حکومت کے دیگر اعلیٰ عہدیداران، مرحوم کے عزیز و اقارب اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مرحوم کی رحلت پر حکومت آزاد کشمیر نے ایک روزہ سوگ منانے اور ریاست بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ مرحوم سردار خالد ابراہیم خان کی نماز جنازہ کے بعد سوگواران اور عوام علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم خان نے ہمیشہ شرافت اور شائستگی کی سیاست کی۔
سردار مسعود خان نے کہا خالد ابراہیم نے تامرگ لالچ، طمع اور عہدے و منصب سے بالاتر ہو کر عوامی خدمت کی سیاست کی، انھوں نے کبھی مالی منفعت کو اصولی سیاست کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ ان کی ناگہانی وفات سے آزاد کشمیر کی سیاست میں جو خلا پیدا ہو گیا ہے وہ مدتوں پر نہیں ہوگا۔