اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے احتجاج کی آڑمیں شہریوں کی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو مالی معاوضہ پیکج تیار کرنے کا حکم دے دیا۔
مذہبی جماعت کے دھرنے کے دوران شہریوں کے نقصان کے ازالے کیلئے وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایات جاری کر دیں، وفاقی حکومت صوبوں سے نقصان کی تفصیلات پہلے ہی طلب کرچکی ہے، وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو معاوضہ پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت شہریوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لے کر معاوضہ ادا کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی تھی کہ دھرنے کی آڑ میں شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جس کے بعد شر پسندوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور موبائل فون ویڈیوز کے ذریعے شناخت کی گئی اور مقدمات درج کر کے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی گئیں۔