اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا، عمران خان وفاقی کابینہ کو دورہ چین پر اعتماد میں لیں گے اور وزیرخزانہ چین کے ساتھ ہونےوالے معاہدوں کی تفصیلات سے وفاقی وزرا کو آگاہ کریں گے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح ساڑھے 11 بجے طلب کر لیا گیا ہے جس کی صدارت وزیراعظم کریں گے۔ اجلاس میں ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور گذشتہ روز ہونے والی قومی سلامتی کمیٹی میں طے شدہ نکات کے حوالے سے وزرا کو آگاہ کیا جائے گا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ احتجاج میں ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دیں گے اور کابینہ کو سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا جائے گا۔
وزیرخزانہ چین کے ساتھ ہونےوالے معاہدوں کی تفصیلات سے وفاقی وزرا کو آگاہ کریں گے اور وزیراعظم چین کی اعلی ترین قیادت سے ہونے والے مذاکرات خصوصا پاک چین راہداری کے معاملے پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔