اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے 21 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی، وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو دورہ چین پر اعتماد میں لیا۔ کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ اور دیگر ٹیکس دہندگان کی ٹیکس ڈائریکٹری اور نئی نجی ایئر لائن لبرٹی ایئر کو لائسنس جاری کرنے کی منظوری دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 21 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو دورہ چین پر اعتماد میں لیا جبکہ وزیر خزانہ اسد عمر نے چین کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی تفصیل سے آگاہ کیا۔
اجلاس کے دوران ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور شرکاء کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں پر بھی اعتماد میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیرمملکت برائے داخلہ نے مذہبی جماعت کے احتجاج کے دوران ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی اور عوام کو نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے سے متعلق اب تک کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے پارلیمنٹیرینز اور ٹیکس دہندگان کی ٹیکس ڈائریکٹری 2017 جاری کرنے اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے نئے چیئرمین کے تقرر کی منظوری دی۔ اجلاس میں مختلف مقدمات میں ملزمان کو حفاظتی تحویل میں لینے، سری لنکا کے ساتھ کوسٹ گارڈ، سوڈان کے ساتھ سیاحت اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے معاہدوں کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے سیلولر کمپنی کے ساتھ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ٹیلنٹ پروگرام کے معاہدے اور نائجیریا کے ساتھ سفارتی تعلقات کے فروغ، اسٹیٹ بینک اور تاجکستان کے مرکزی بینک کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے وزارت خزانہ کے نئے ادارے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے چیف ایگزیکٹو کے تقرر کی سمری منظور کرتے ہوئے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظییم نو کا فیصلہ واپس لے لیا۔