لندن: (اظہر جاوید) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت سے عوام کی بڑی توقعات ہیں، عمران خان ایماندار لیڈر ہیں اور وہ ملک کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔
لندن میں دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ فوج کو ہر معاملے میں گھسیٹنے کی کوشش کی جاتی ہے، حالیہ انتخابات بالکل صاف اور شفاف ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا عدلیہ بالکل صحیح فیصلے کر رہی ہے، ڈیم بنانا چیف جسٹس کا کام نہیں لیکن لوگ ان کے نام پر پیسے دے رہے ہیں، اگر وہ ملک کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو ان کی مدد کرنی چاہیے۔
سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے دور میں دھرنوں کا مقصد کچھ اور تھا، ابھی اسلام کے نام پر کچھ اور کام ہو رہا ہے، حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام استعمال کر کے ووٹ حاصل کرنے کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی کارکردگی تو ٹھیک ہے لیکن پارٹی بیس پر احتساب نہیں ہونا چاہیے، جو مجرم ہیں انہیں ضرور پکڑنا چاہئے، شہباز شریف کو ماڈل ٹاون کے ظلم کی سزا مل رہی ہے اور ان کا ظلم ان کے آگے آیا ہے۔
ایک سوال کہ وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی ہوتے تو صوبے کا نظام بہتر چل سکتا تھا پر چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی اکثریت تھی اور حکومت بنانا ان کا حق تھا، ہم کسی قسم کے سازش کر کے حکومت بنانے کے حق میں نہیں۔ عثمان بزدار کی انہوں نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیشک دور دراز علاقے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن وہ اچھے وزیر اعلی ثابت ہوں گے، آگے چل کر لوگوں کو ان کی صلاحیتوں کا پتہ چلے گا۔ انہوں نے علامہ اقبال کا شعر سنا کر دیار عشق میں اپنا مقام ہیدا کر۔ نیا زمانہ نئے آبح و شام پیدا کر کا اطلاق موجودہ حکومت پر بھی ہوتا ہے۔