کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کابینہ نے سرکاری گاڑیاں خریدنے پر تین سال کیلئے پابندی عائد کر دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ نے سکھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کی منظوری بھی دے دی۔
سندھ کابینہ نے سرکاری افسران کیلئے نئی گاڑیوں کی خریداری پر 3 سال کیلئے پابندی لگا دی۔ وزیر اعلی نے تجویز دی کہ ایسی پالیسی چاہتے ہیں جس میں 17 گریڈ کے افسر کو لیز پر گاڑی دی جائے، وہی قسطیں بھرے، جسکے بعد گاڑی افسر کی ملکیت ہو۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں بیمار اور اور عمر رسیدہ قیدیوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ کمیٹی نے 27 کیسز میں سے 12 قیدیوں کو رہا کرنے کی تجویز دی۔
مراد علی شاہ نے کہا جو قیدی ریلیز ہوں ان پر نظر رکھی جائے۔ محکمہ جیل ہر 3 ماہ میں کمیٹی کو فہرست بھیجے گی۔
سندھ کابینہ نے محکمہ پولیس میں تقرری اور تبادلے سے متعلق ڈرافٹ کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔ مشیر قانون سندھ، وزیر توانائی، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ کمیٹی میں شامل ہونگے۔ کابینہ نے سکھر میں پلاسٹک اور پولی تھین بیگز پر پابندی کی منظوری بھی دے دی۔