کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا افسر ڈھائی لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا، افسر نے نجی فیکڑی بنانے کی اجازت دینے پر ایک شخص سے مبینہ طور پر رشوت طلب کی تھی، دنیا نیوز نے رشوت خور انسپکٹر کی گرفتاری کی ویڈیو حاصل کرلی۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں رشوت کا بازار گرم ہے، افسران دھڑلے سے رشوت لینے لگے، ایسے ہی ایک افسر کی رشوت لینے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ دنیا نیوز کو حاصل ہونیوالی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے۔ افسر نے نجی فیکڑی کو تعمیرات کرنے پر ایک شخص سے مبینہ طور پر رشوت طلب کی۔ پہلے 80 اور پھر 40 لاکھ روپے مانگے گئے، کچھ دیر بات چیت کے بعد معاملہ ڈھائی لاکھ روپے میں طے پا گیا۔
افسر کی قسمت خراب نکلی، اینٹی کرپشن حکام موقع پر پہنچ گئے اور رشوت میں لی گئی رقم افسر کی جیب سے نکلوالی۔ افسر نے کچھ اور کہانی سنانے کی کوشش کی لیکن اینٹی کرپشن حکام نے اس کی ایک نہ سنی اور گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا اور واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے رشوت خور افسران کے گرد گھیرا تنگ کر رکھا ہے اور شہر بھر میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔