راولپنڈی: (دنیا نیوز) بھارتی فوج کی سرحدی دہشت گردی جاری ہے۔ کنٹرول لائن کے لیپہ سیکٹر میں معصوم شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 4 شہری شدید زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور لیپہ سیکٹر میں شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری کی۔ بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں چار معصوم شہری شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں ظہیر، ناصر، منیر اور شوکت شامل ہیں جن کا تعلق بجلی در اور بٹلیاں گاوں سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا اور بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس سے دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق بھارتی امن دشمن فوج نے وادی لیپہ میں شہری آبادیوں پر صبح سات بجے فائرنگ شروع کر دی جس سے بجلدار، بٹلیاں، تلہ واڑی سمیت متعدد گاؤں کے عوام محصور ہو کر رہ گئے۔ بھارتی سورماوں کی فائرنگ سے بجلدار گاوں سے تین جبکہ بٹلیاں سے ایک شہری زخمی ہو گیا۔ بجلدار گاؤں سے تعلق رکھنے والے زخمی شہری کی پہچان ناصر کے طور پر ہوئی جس کی آج بارات تھی۔ زخمیوں کو لیپہ کے فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مظفر آباد روانہ کر دیا گیا ہے۔ زخمی ہونیوالوں میں بٹلیاں سے شوکت عباسی، بجلدار سے منیر اور ظہیر بھی شامل ہیں۔
وادی لیپہ میں گزشتہ ایک ہفتے سے بھارتی دہشت گرد افواج کی طرف سے جاری فائرنگ کے نتیجے میں 8 شہری زخمی اور ایک شہید ہوا ہے۔ بھارتی فائرنگ سے لیپہ میں رہائشی مکانات کو نقصان بھی پہنچا ہے۔ فائرنگ کے دوران وادی لیپہ میں سکول اور بازار بھی بند رہے۔
پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں اور بھارتی چوکیوں پر آگ لگ گئی۔