کراچی میں مبینہ زہریلی چیز کھا کر جاں بحق بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل

Last Updated On 12 November,2018 12:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کلفٹن میں مبینہ زہریلی چیز کھا کر جاں بحق ہونیوالے بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوگیا، نمونے کیمیکل ایگزامن کیلئے محفوط کر لئے گئے، لاشیں سرد خانے منتقل کر دی گئیں۔ واقعے کے بعد کلفٹن میں واقع ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گیا۔

5 سالہ محمد اور ڈیڑھ سالہ احمد کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا، لاشوں کے نمونے پولیس نے کیمیکل ایگزامن کے لئے محفوظ کر لئے، رپورٹ آنے میں 5 سے 10 دن لگ سکتے ہیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد بچوں کی لاشیں سرد خانے منتقل کر دی گئیں۔

واقعے کے بعد کلفٹن میں واقع ریسٹورنٹ سیل کر دیا گیا، ملحقہ پلے لینڈ کو بھی تالا لگا دیا گیا، اے ایس پی کلفٹن کے مطابق بچوں کو زہر دینے کے حوالے سے بھی تفتیش کریں گے۔

اہل خانہ کے مطابق بچوں کی والدہ کی حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس کی جانب سے 4 ملازمین سے تفتیش جاری ہے۔ متاثرہ فیملی کے گھر پرموجود کھانے کے سیمپل بھی حاصل کر لئے گئے۔ بچوں کی والدہ، والد، ماموں اور دیور سمیت 5 افراد سے بھی پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔

گذشتہ روز کراچی کلفٹن میں معروف ریسٹورنٹ کا مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے۔